Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم اس دنیا کو سب کے لیے ایک بہتر جگہ بنانے کے لیے اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔

اقوام متحدہ کے دن کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج اقوام متحدہ کی 79 ویں سالگرہ کا دن ہمیں اقوام متحدہ چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کے حصول کے عزم کے اعادہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی تنازعات جیسا کہ موسمیاتی تبدیلی، جغرافیائی،  سیاسی تناؤ میں اضافہ اور گلوبل ساؤتھ کی گہری ہوتی اقتصادی مشکلات عالمی نظام کے بڑے چیلنجوں کی نشاندہی کرتے ہیں، اقوام متحدہ چارٹر کا منصفانہ طریقے سے نفاذ بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اقوام متحدہ کی حق خود ارادیت کی قراردادوں کے باوجود  جموں و کشمیر اور فلسطین جیسے تنازعات اب بھی حل پذیر ہیں، جب تک اقوام متحدہ کی بانی دستاویز کی دفعات کو نظر انداز کیا جائے گا، بحران مزید گہرے ہوتے جائیں گے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے اس دن پر میں کثیرالجہتی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں، ہم اس دنیا کو سب کے لیے ایک بہتر جگہ بنانے کے لیے اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے جہاں تمام لوگوں کے حقوق بالخصوص جائز اور ناقابل تنسیخ حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والوں کو ان کے حقوق دلائے جا سکیں۔

متعلقہ خبریں