پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف و سینئر اداکارہ اسما عباس نے کہا ہے کہ لڑکی اپنے شوہر سے بات کرے لیکن کنٹرول میں رہ کر کرے۔
حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں معروف و سینئر اداکارہ اسما عباس کا کہنا تھا کہ میں نوجوان نسل کو بتانا چاہتی ہوں کہ فیصلہ کرنے سے پہلے آپ حدود طے کریں، اپنے شریک حیات کی اچھی اور بری دونوں خصلتوں کو پہچان لیں اور سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ میں لڑکیوں سے کہنا چاہتی ہوں کہ چھوٹی موٹی بات سب میں ہوتی ہے کوئی بھی پرفیکٹ نہیں ہوتا، ہماری لڑکیاں کون سی کم ہیں، ان کے اتنے نخرے اور اتنی لمبی زبانیں ہیں، لڑکی اپنے شوہر سے بات کرے لیکن کنٹرول میں رہ کر کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے زمانے میں ہوتا تھا کہ بات تو آپ نے منوانی ہے لیکن تھوڑا صبر اور تحمل سے، پیار محبت سے بولا جاتا تھا تو بات مان لی جاتی تھی۔
اسما عباس نے کہا کہ اب لڑکیاں جلد باز ہوگئی ہیں، اپنی بات کو فوراً ہی جلدی سے بول دیتی ہیں، تھوڑا حوصلہ اور صبر رکھیں، غصے کو نگل کر 5 منٹ کا وقفہ لیں اور پھر اپنی بات رکھیں تو بات مانی جائے گی، غصے میں آپ کو کچھ بولنا ہی نہیں چاہیے، غصے میں چپ رہنا سیکھیں تو کام آسان ہوجائے گا۔
معروف و سینئر اداکارہ کا کہنا تھا کہ نہ صرف لڑکیاں بلکہ آدمی بھی غصے میں چپ رہنا نہیں سیکھتے، اپنی بیوی کے ساتھ بدتمیزی اور بدزبانی بھی کرتے ہیں، بعض تو گالی بھی دیتے اور ہاتھ بھی اٹھاتے ہیں اور میں اس چیز کے خلاف ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے یوٹیوب چینل پر لڑکیوں سے کہتی ہوں جس دن آپ کو گالی پڑے اور آپ پر ہاتھ اٹھایا جائے تو اسی وقت چلے جاؤ، پھر اس شخص کے ساتھ نہیں رہنا کیونکہ یہ چیزیں برداشت نہیں کرنی چاہئیں، مار اور گالی خوفناک بات ہے، اگر آپ برداشت کریں گے تو شوہر پھر اور زیادہ کرے گا۔




















