پاکستان علماء کونسل نے بانی پی ٹی آئی کی حمایت میں امریکی نمائندگان کے ممبران کے خط کی بھرپور مذمت کردی۔
پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کا کہنا ہے کہ امریکی ایوانِ نمائندگان کا خط، پاکستان کے داخلی معاملات میں براہ راست مداخلت ہے۔
پاکستان علماء کونسل نے کہا کہ یہ خط پی ٹی آئی کے منافقانہ رویے اور پالیسی کی دلیل ہے، پاکستان علماء کونسل اس خط کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کہتے ہیں کہ امریکی ایوان نمائندگان کے ممبران مشرق وسطیٰ کی صورت حال بالخصوص ہزاروں فلسطینیوں کی شہادت اور لاکھوں بے گھر افراد پر مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔
پاکستان علماء کونسل نے واضح کیا کہ حکومت پاکستان، عوام، سیاسی اور مذہبی جماعتیں اپنے مسائل خود حل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ بالا خط اور اس کے مندرجات بلاشبہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور خود مختاری کی خلاف ورز ی ہے۔
طاہر محمود اشرفی مزید کہتے ہیں کہ مذکورہ بالا خط صرف اور صرف صیہونی طاقتوں کی ایماء پر لکھا گیا، پاکستان کے خلاف کسی بھی مہم کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔



















