وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پُرعزم ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ضلع بنوں میں دہشتگرد حملوں کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں خوارجی دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نے ضلع بنوں میں دہشت گرد حملے میں دو پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس بھی کیا اور شہداء کی بلندی درجات کی دعاء اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پُرعزم ہیں، پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔
واضح رہے کہ فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے ایف سی چیک پوسٹ پر حملے میں 10 جوان شہید ہوگئے۔
ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں زام ایف سی چیک پوسٹ پر رات کی تاریکی میں بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔
خوارج دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے ایف سی کے 10 جوان شہید اور 3 زخمی ہوئے۔شہید جوانوں نے جانیں نچھاور کرکے خوارج دہشتگردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ ناکام بنایا۔
شہید ہونے والے ایف سی کے 6 جوانوں کا تعلق جنوبی وزیرستان جبکہ 4 جوانوں کا تعلق ضلع کرک سے تھا۔
شہداء میں نائب صوبیدار محمد جان، نائیک عارف، لانس نائیک سعید الرحمان، سپاہی اخونزادہ،سپاہی حضرت اللہ ،سپاہی مشتاق، سپاہی عبدالصمد، سپاہی عمران، سپاہی بصیر اور سپاہی مہتاب شامل ہیں۔
زخمی ایف سی اہلکار نائیک حمزہ، سپاہی حسن اور سپاہی صابر ایوب کو علاج کے لیے سی ایم ایچ اسپتال ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کردیا گیا۔



















