کراچی: ہیکنگ کے ذریعے واٹس ایپ صارفین کی حساس کمیونیکیشن تک رسائی کا انکشاف ہوا ہے۔
نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے ایڈوائزری جاری کردی ہے جس کے مطابق واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک کرکے ذاتی اور آفیشل پیغام رسانی تک حاصل کی جاتی ہے۔
سائبر سیکیورٹی ایڈوائزری میں صارفین کو اہم حفاظتی اقدامات کی ہدایات کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ صارفین ہیکنگ سے بچنے کے لئے واٹس ایپ پر مضبوط پاسورڈ استعمال کریں جب کہ واٹس ایپ صارفین نامعلوم لنکس پر کلک کرنے سے گریز کریں۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ صارفین اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو بائیو میٹرک کے ذریعے لاک رکھیں، پبلک وائی فائی پر واٹس ایپ کا استعمال سائبر حملوں کا باعث بن سکتا ہے، صارفین واٹس ایپ اکاؤنٹ پر سرگرمی کی نگرانی کریں۔
ایڈوائزری میں صارفین کو کلاؤڈ بیک اپ کو غیر فعال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ صارفین واٹس ایپ پر بلٹ ان سیکیورٹی فیچرز استعمال کریں، صارفین اینٹی وائرس اور اینٹی مالویئر سافٹ ویئر انسٹال کریں۔
ایڈوائزری میں صارفین کو واٹس ایپ سیکیورٹی اپ ڈیٹس سے متعلق آگاہ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے یہ بھی کہا گیا ہے کہ صارفین کسی بھی مشکوک سرگرمی کو فوری طور پر رپورٹ کریں۔



















