لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا کو قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی پر حملہ کرنے والے ملزمان کی شناخت کے لئے فوری اقدامات کا حکم دے دیا۔
محسن نقوی نے لندن میں قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لندن میں پاکستانی ہائی کمشنرکی گاڑی پر بھی حملہ ہوا ہے، ہم اس واقعہ پر خاموش نہیں بیٹھ سکتے۔
انہوں نے کہا کہ قاضی فائز عیسیٰ کو دھمکیوں کا سامنا تھا تو سیکیورٹی کیوں فراہم نہیں کی گئی، فوٹیجز کے ذریعے حملہ آوروں کی نشاندہی کی جائے، حملہ آوروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں ایف آئی آر درج کر کے مزید کارروائی کی جائے گی، حملہ آوروں کے شناختی کارڈ بلاک اور پاسپورٹ منسوخ کیے جائیں گے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ جنہوں نے حملہ کیا ہے ان کی شہریت منسوخ کرنے کیلئے کارروائی کی جائے گی، شہریت منسوخی کا کیس منظوری کے لئے کابینہ بھیجا جائے گا، کسی کو بھی اس طرح کے حملے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔



















