کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے بورڈ کا چھٹا اجلاس میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق اجلاس میں سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد،سی او او واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان ڈاکٹر سروش ایچ لودھی ظفر سبحانی اور عبدالکبیر قاضی سمیت دیگر بورڈ ممبران نے شرکت کی۔
اجلاس میں 2 نکاتی ایجنڈا پر تفصیلی غور کیا گیا اور ان کی منظوری دی گئی، اجلاس کے موقع پر میئر کراچی نے شہریوں کو بہتر سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک اہم اقدام کی منظوری دی۔
بورڈ نے واٹر کارپوریشن کے تمام ریٹیل صارفین کے لیے ایک انقلابی اقدام اٹھاتے ہوئے ریبیٹ پالیسی کی منظوری دے دی، ریبیٹ پالیسی کی تحت واٹر کارپوریشن کے تمام ریٹیل صارفین مستفید ہونگے جنہوں اب تک واٹر کارپوریشن بقایاجات ادا نہیں کیے۔
نئی پالیسی کے تح تمام ریٹیل صارفین کو اپنے بقایاجات جمع کرانے پر رعایت کے ساتھ قسطوں کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، پالیسی کے تحت تمام ریٹیل صارفین اگر اپنے تمام بقایاجات یک مشت جمع کروائیں گے تو انہیں 35 فیصد رعایت دی جائے گی۔
پالیسی کے تحت تمام ریٹیل صارفین اگر6 ماہ کے اندر اپنے بقایاجات کی ادائیگی کرتے ہیں تو انہیں 25 فیصد رعایت دی جائے گی، 9 ماہ میں اپنے بقایاجات جمع کروانے والے کو 20 فیصد رعایت دی جائے گی۔
ایک سال میں اپنے بقایاجات جمع کروانے والے کو 15 فیصد رعایت دی جائے گی جبکہ 15 ماہ میں اپنے بقایاجات جمع کروانے والے کو 10 فیصد رعایت دی جائے گی۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق ریبیٹ پالیسی 31 جنوری 2025 تک 3 ماہ کے مدت کے لیے متعارف کرائی گئی ہے، مقررہ تاریخ کے بعد تمام نادہندگان کے خلاف واٹر کارپوریشن کے نئے ایکٹ کے سیکشن 40 کے تحت بھرپور کاروائیاں کی جائیں گی۔
بورڈ نے عالمی بینک کے 240 ملین امریکی ڈالر کے قرض کے معاہدے کے لیے کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروس امپروومنٹ پروجیکٹ کے قانونی معاہدوں کی بھی منظوری دی۔
میئر کراچی نے کہا کہ شہریوں کو فراہمی و نکاسی کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، سندھ حکومت اور عالمی بینک کے مشترکہ تعاون سے شہر کی مزید بہتری کے لیے بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریبیٹ پالیسی کا بنیادی مقصد شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے، پالیسی کے تحت شہریوں کو آسان اقساط میں واٹر کارپوریشن کے بقایاجات جمع کروانے کا موقع ملے گا۔
شہریوں سے درخواست ہے کہ اس مہم سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے زیادہ سے زیادہ واٹر کارپوریشن کے بقایاجات ادا کریں۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ واٹر کارپوریشن کی آمدنی زیادہ ہوئی تو شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی مزید بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔



















