اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیٹ مکمل طور پر بحال کردیا گیا۔
ترجمان پی ٹی اے کے مطابق ایس ایم ڈبلیو فور سب میرین کیبل سے فالٹ دور کرلیا گیا، جون میں SMW4 اور اگست میں AAE-1 سب میرین کیبل فالٹ سامنے آیا تھا، دونوں کیبلز کی بحالی کے بعد 1750 جی بی پی ایس کا سارٹ فال دور ہوگیا۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ انٹرنیٹ اب مکمل اسپیڈ اور صلاحیت کے ساتھ فعال ہے، 2023 میں صلاحیت میں اضافے کیلئے پیس کیبل کو سسٹم میں شامل کیا گیا۔
ترجمان پی ٹی اے نے مزید کہا کہ کنیکٹیوٹی کیلئے اگلے 2 سالوں میں تین کیبلز کا اضافہ کیا جائے گا، دو ٹرانس ورلڈ انٹرنیشنل اور ایک پی ٹی سی ایل کیبل سسٹم میں شامل کی جائے گی۔



















