Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نوجوان ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں، شزہ فاطمہ

وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں۔

وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے امریکہ میں منعقد پہلی ‘پاک – یو ایس ٹیک انویسٹمنٹ کانفرنس 2024’ سے خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاک – یو ایس ٹیک انویسٹمنٹ کانفرنس پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کے لیئے اہم سنگِ میل ثابت ہو گی، کانفرنس پاکستان امریکہ کی کمپنیوں کے مابین تعاون کو فروغ دینے میں مدد گار ثابت ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر نے پچھلے چند سالوں میں تیزی سے ترقی کی ہے، ہماری آئی ٹی برآمدات میں 25 فیصد اضافہ ہوا ہے، وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر آئی ٹی برآمدات کو 25 ارب ڈالرز تک لیکر جانا ہمارا ہدف ہے۔

شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ کاروباری اداروں کو محفوظ سائبر اسپیس فراہم کرنے کے لیے ہم نے اہم پیشرفت کی ہے، گلوبل سائبر سیکیورٹی انڈیکس میں پاکستان کو امریکہ اور جاپان کے ساتھ ٹائر-1 میں درجہ دیا گیا ہے۔

وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے ای – گورنمنٹ ڈویلپمنٹ انڈیکس میں بھی قابلِ ذکر پیش رفت کی ہے، پاکستان کی آئی ٹی و آئی ٹی انیبلڈ سروسز کی 60 فیصد سے زائد برآمدات امریکہ، برطانیہ کو جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ٹی انڈسٹری کی ترقی کے لیئے پُر عزم ہے، ملک میں ڈیجیٹلائزیشن کے لیئے اقدامات جاری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر نیشنل ڈیجیٹل کمیشن اور پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کی تشکیل کے لیئے جلد قانون سازی کی جائے گی، پاکستان کو بیرونی سرمایہ کاروں، ٹیکنالوجی پارٹنرز کے لیئے پر کشش مقام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

شزہ فاطمہ خواجہ نے مزید کہا کہ پاکستان میں ہر سال 75,000 آئی ٹی گریجویٹس فارغ التحصیل ہوتے ہیں، پاکستان کی آبادی کا 63 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوان ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں، نوجوانوں کی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں