آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے قطر کا دورہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا نے قطری عسکری قیادت سے ملاقاتیں کی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے قطری نائب وزیراعظم و وزیر دفاع سے ملاقات کی جبکہ انہوں نے قطری مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف سے بھی ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ملاقات میں ریجنل پیشرفت اور باہمی تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال ہوا، دونوں ممالک نے دوطرفہ تعاون بڑھانے کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے پاک قطر مضبوط برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔
ملاقات میں دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق قطری قیادت نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کا اعتراف کیا۔
قطری قیادت نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی مہارت اور قربانیوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ قطری افواج کے ہیڈ کوارٹرز آمد پر جنرل ساحر شمشاد مرزا کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔



















