Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان جھڑپ؛ 3 دہشتگرد جہنم واصل

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان جھڑپ میں 3 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ہرنائی میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی، سکیورٹی فورسز کو ہرنائی میں دہشتگردوں کی جانب سے شہریوں کو ٹارگٹ کرنے کی منصوبہ بندی کی اطلاع ملی تھی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر میجر محمد حسیب کی قیادت میں فوری طور پر سیکیورٹی فورسز کو علاقے کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کے لیے بھیجا گیا، سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان جھڑپ میں 3 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کو لیڈ کرنے والی گاڑی کے قریب دیسی ساختہ ڈیوائس کا دھماکہ ہوا، دھماکے کے نتیجے میں میجر محمد حسیب شہید ہو گئے، 28 سالہ میجر محمد حسیب کا تعلق راولپنڈی سے تھا۔

— فوٹو: آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دھرتی کے بہادر بیٹے میجر محمد حسیب نے اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، دھماکے کے نتیجے میں 38 سالہ حوالدار نور احمد بھی شہید ہوئے، شہید حوالدار نور احمد کا تعلق ضلع بار کھان سے تھا۔

 پاک فوج کے میجر محمد حسیب اور حوالدار نور احمد نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے تعاون سے بلوچستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے دشمنوں کے عزائم ناکام بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ میجر میجر حسیب شہید کا تعلق راولپنڈی سے ہے، اُن کی عمر 28 سال ہے، انہوں نے 8 سال 6 ماہ تک دفاعِ وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا، میجر محمد حسیب شہید کے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ 38 سالہ حوالدار نور احمد شہید کا تعلق ضلع بارکھان سے ہے، انہوں نے 14 سال تک وطنِ عزیز کا دفاع کیا، حوالدار نور احمد شہید کے سوگوران میں اہلیہ، 3 بیٹے اور بیٹی شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں