Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چاقو مارنے کی دھمکی دینے والا شخص کون تھا؟ خواجہ آصف نے بتادیا

لندن: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے لندن میں چاقو مارنے کی دھمکی دینے والے شخص کے بارے میں بتادیا۔

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے لندن میں صحافی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اور میرا تایہ زاد بھائی الزیبتھ اسٹیشن سے آرہے تھے جب کہ دھمکی دینے والے شخص کے ساتھ خواتین اور ایک اور شخص بھی تھا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ دھمکی دینے والے شخص نے نازیبا الفاظ کا استعمال کیا تاہم کل میری پولیس کے ساتھ ہائی کمیشن میں ملاقات ہوئی اور لندن پولیس نے اچھا رسپانس دیا جب کہ لندن پولیس نے میرا بیان بھی ریکارڈ کیا۔

وفاقی وزیر دفاع نے بتایا کہ میں نے لندن پولیس کو واقعے سے متعلق آگاہ کیا، سارا واقعہ کیمرے کے سامنے ریکارڈ ہوا اور فوٹیج کے ذریعے دھمکے دینے والے کی شناخت آسانی سے ہوسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دھمکی دینے والے شخص سے مجھے کوئی خوف نہیں آیا، میں کل بھی لندن کی سڑکوں پر گھومتا رہا ہوں اور کوئی خوف نہیں ہے، پہلے بھی لوگ اس طرح سے آوازیں کستے رہتے ہیں لیکن پہلی بار کسی نے دھمکی دی ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ دھمکی دینے والا شخص 7 سے 8 منٹ تک نازیبا الفاظ کہتا رہا جب کہ دھمکی دینے والا شخص پی ٹی آئی کا ہی ہے اور پی ٹی آئی والے ہی ایسی حرکتیں کرتے ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ دھمکی دینے والے شخص نے 3 سے 4 بار چاقو سے مارنے کی دھمکی دی، دھمکی دینے والے نے 2 سے 3 بار کہا کہ میرا دل کرتا ہے کہ آپ کو چاقو ماروں۔

واضح رہے کہ گذشتہ دنوں لندن میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کے ساتھ ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تھا جس میں نامعلوم شخص کی جانب سے ان کے ساتھ دشنام طرازی کی گئی اور چاقو سے مارنے کی دھمکی دی۔

متعلقہ خبریں