Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اساتذہ اور شہری مل کر رواداری کے اصولوں کے تحفظ کے لیے کام کریں، بلاول بھٹو

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ رہنما، اساتذہ اور شہری مل کر برداشت اور رواداری کے اصولوں کے تحفظ کے لیے کام کریں۔

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے برداشت و رواداری کے عالمی دن پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ رواداری پُرامن بقائے باہمی کی بنیاد اور ایک جامع و ترقی پسند قوم کی ترقی کے لئے شرط ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم آہنگ معاشرے کے لئے برادریوں کے درمیان باہمی احترام، افہام و تفہیم اور ہمدردی کو فروغ دینا ضروری ہے، پیپلز پارٹی مساوات، انصاف، اور تمام افراد کے لیے احترام کے اصولوں میں یقین رکھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رواداری صرف برداشت کا نام نہیں بلکہ ہماری مشترکہ انسانیت کو تسلیم کرنے اور اس کا جشن منانے کا عمل ہے، رواداری ان معاشروں کے لیے امید کا چراغ ہے جو امتیاز، تعصب، اور نفرت کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہماری قوم کے بانی اجداد نے تمام شہریوں کے لیے برابری اور آزادی کو یقینی بنایا، شہید بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا وژن ایک ایسے معاشرے کی حمایت ہے، جہاں تنوع کو خوش آمدید کہا جائے۔

چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ قائدِ عوام اور شہید بی بی نے ہمیشہ ایک ایسے معاشرے کی وکالت کی جہاں انسانی وقار کا احترام کیا جائے، عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے عدم برداشت، تقسیم اور اسلاموفوبیہ جیسے چیلنجز کے خلاف وسیع تر اتحاد کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ رہنما، اساتذہ، اور شہری مل کر برداشت اور رواداری کے اصولوں کے تحفظ کے لیے کام کریں، آج ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم انتہا پسندی کے ہر شکل کا مقابلہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کے دن عہد کرنا چاہیے کہ ہم ان قوتوں کے خلاف متحد رہیں گے جو ہمیں تقسیم کرنا چاہتی ہیں، ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ پاکستان تنوع، بھائے چارے اور احترام کی سرزمین بنی رہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہری اس دن کو منصفانہ معاشرے کی تشکیل میں اپنے کردار پر غور کرنے کے موقع کے طور پر منائیں، شہری معاشرے سے تقسیم کے خاتمے، زخموں پر مرہم اور برادریوں میں ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات کریں۔

متعلقہ خبریں