حکومت نے پی آئی اے کی نجکاری کیلئے دوبارہ بولیاں مانگنے کا اعلان کر دیا ہے۔
سینیٹر طلال چوہدری کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نجکاری کا اجلاس ہوا جس میں پی آئی اے کی نجکاری کے لیے خریداروں کی عدم دلچسپی کا معاملہ زیرِ بحث آیا۔
وزیر نجکاری علیم خان نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کیلئے دوبارہ بولیاں مانگیں گے، پی آئی اے کی دوباری نجکاری کیلئے کام چل رہا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف کا پی آئی اے کی دوبارہ نجکاری پر فوکس ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے میں منافع بخش ادارہ بننے کا پورا پوٹینشل ہے، میں آج بھی کہتا ہوں پی آئی اے ایک منافع بخش ادارہ بن سکتا ہے، اگر پی آئی اے کو بیچنا ہے تو حکومت کو بڑا دل کرنا پڑے گا۔
دوران اجلاس سیکریٹری نجکاری کمیشن نے کہا کہ دوبارہ بولیوں کی طرف گئے تو یہ ایک مختصر پراسیس ہوگا، پی آئی اے کی نجکاری کے پہلے عمل کے دوران کافی حد تک کام ہوچکا ہے۔



















