اسلام آباد: نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، جس کی صدارت وزیر اعظم شہباز شریف کریں گے۔
ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا جبکہ انسداد دہشت گردی کے قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کی صورت حال بھی زیر غور آئے گی۔
اجلاس میں صوبوں اور وفاق کے درمیان کوآرڈی نیشن بہتر بنانے اور اینٹلی جنس معلومات کی مؤثر شیئرنگ پر بھی غور ہوگا جبکہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات کی وجوہات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
اس کے علاوہ اجلاس کو اینٹلی جنس بیسڈ آپریشنز کے نتائج سے بھی آگاہ کیا جائے گا اور اس دوران داخلی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اہم فیصلوں کی منظوری دی بھی جائے گی۔
اجلاس میں اعلیٰ عسکری و سول قیادت و متعلقہ وفاقی وزراء شرکت کریں گے جبکہ صوبائی وزراء اعلیٰ، اینٹلی جنس اداروں کے سربراہان بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔



















