Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مریم نواز نے ”چیف منسٹر ڈائیلسز پروگرام کارڈ” کی منظور دے دی

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ”چیف منسٹر ڈائیلسز پروگرام کارڈ” کی منظور دے دی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں ہیلتھ پروگرام اور پراجیکٹس پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز کی جانب سے ڈائیلسز کے مریض کے علاج کے لئے فنڈز 10- لاکھ تک بڑھا دیے گئے، پنجاب میں امراض گردہ میں مبتلا ہر مریض کیلئے ساڑھے آٹھ لاکھ ڈائیلسز اور ڈیڑھ لاکھ ٹیسٹ وغیرہ کے لئے مختص کردیے گئے ہیں۔

مریم نواز نے ڈائیلسز مریضوں کے مفت ادویات اور ٹیسٹ یقینی بنانے اور مریضوں کا ڈائیلسز ہر صورت جاری رکھنے کی ہدایت دی۔

اجلاس میں پنجاب میں مزید ڈائیلسز یونٹ قائم کرنے اور محکمہ صحت کی کارکردگی کے تعین کے لئے کے پی آئی مقرر کرنے پر اصولی اتفاق کیا گیا۔

مریم نواز نے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو ڈائیلسز سینٹر میں ایس او پیز عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے ہیلتھ کیئر کمیشن کو صوبہ بھر میں ڈائیلسز سینٹرز کی کڑی مانیٹرنگ کا حکم دے دیا۔

 دوران اجلاس وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ملتان میں ڈائیلسز مریضوں میں ایڈز پھیلنے کے واقعے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کر لی۔

مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈائیلسز کے مریضوں میں ایڈز پھیلنا افسوسناک ہی نہیں، شرمناک بھی ہے، فنڈز نہ ہونے کے عذر پر ڈائیلسز رکنا افسوسناک ہے، جاری رہنا چاہیے۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ دیگر صوبوں کے مریض بھی مفت ڈائیلسز کی سہولت سے فیض یاب ہو رہے ہیں، پنجاب سے فری ادویات سندھ، بلوچستان اور دیگر صوبوں میں جا رہی ہیں۔

دوسری جانب اجلاس میں نواز شریف کینسر اسپتال پر پیش رفت کی رپورٹ پیش کی گئی اور ہیڈ مقرر کرنے کی ہدایت کردی گئی۔

اجلاس کے دوران پی آئی سی ٹو اور نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کی زیر تکمیل پراجیکٹ پر رپورٹ پیش کی گئی، جس کے بعد وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پی آئی سی ٹو کو اسٹیٹ آف آرٹ اسپتال بنانے کی ہدایت کردی۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ امراض قلب کے لئے جدید ترین ٹیکنالوجی، آلات اور میڈیسن لائی جائیں، اسپشلسٹ ڈاکٹرز کی جدید ترین ٹریننگ کرائی جائے اور ماسٹر ٹرینر تعینات کیے جائیں۔

متعلقہ خبریں