راولپنڈی: بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں 3 خارجی دہشت گردوں جہنم واصل اور 2 زخمی ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بنوں میں آج صبح خارجی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی خوارج کے ٹھکانے کے خلاف موثر کارروائی کے ہتییجے میں 3 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے خارجی دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا جبکہ مارے جانے والے دہشت گرد علاقے میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، تاہم پاکستان کی سیکیورٹی فورسز وطن عزیز سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل بنوں کے علاقے مالی خیل میں خارجیوں نے چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 6 دہشتگرد ہلاک جبکہ 12 جوان شہید ہوگئے تھے۔















