صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
آصف علی زرداری نے آواران، ڈیرہ بگٹی اور کیچ میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے بلوچستان میں مختلف کارروائیوں میں 4 دہشتگردوں کو بہادری سے جہنم واصل کیا، دہشتگردوں کو بلوچستان کا امن و امان خراب کرنے اور ترقی کا سفر متاثر کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے، دہشت گردی کے خلاف فورسز کی کارروائیاں لائقِ تحسین ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے قومی عزم کا اعادہ کیا۔
واضح رہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں تین الگ الگ کارروائیاں کرتے ہوئے چار دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے، دونوں ہائی ویلیو مطلوب دہشت گردوں کی شناخت نیاز عرف گھمن اور ظریف عرف شاہ جہاں کے طور پر ہوئی۔
ضلع ڈیرہ بگٹی میں ایک اور آپریشن میں ایک دہشت گرد مارا گیا جبکہ ضلع کیچ میں ایک اور کارروائی میں مزید ایک اور دہشت گرد ہلاک ہوا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد سیکورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے، ہلاک دہشت گرد متعدد کارروائیوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھے۔



















