اسلام آباد میں کل ہونے والے احتجاج میں پہلے سے چھُپے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے شرپسند کارکنان کی گرفتاریاں جاری ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ شب اسلام آباد پولیس آفیسرز کی سربراہی میں 27 ٹیموں نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں شر پسندوں کے خلاف سرچ آپریشن کیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ سرچ آپریشن کے نتیجے میں پی ٹی آئی کے 200 شر پسندوں کو گرفتار کر لیا گیا، گرفتار شرپسندوں میں مرد اور خواتین بھی شامل ہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار شر پسندوں سے ہتھیار اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے، گرفتار شر پسندوں سے اسلحہ کی برآمدگی پی ٹی آئی کے 24 نومبر احتجاج کے دوران شر انگیزی کا عندیہ دیتی ہے۔
پولیس ذرائع نے مزید کہا کہ گرفتار ہونے والے شرپسندوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 24 نومبر کے احتجاج کو روکنے کیلئے 30 ہزار اضافی نفری اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔
پنجاب پولیس کی 19 ہزار نفری اسلام آباد پہنچ گئی جبکہ آزاد کشمیر سے 1 ہزار اور سندھ سے 5 ہزار پولیس اہلکار اسلام آباد پہنچ گئے۔
5 ہزار ایف سی اہلکار بھی اسلام آباد پہنچ گئے۔
اسلام آباد کے حالات کو پُر امن رکھنے کے لیے اور احتجاجی مظاہرین سے نمٹنے کے لیے اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری تعینات ہوگی۔
اسلام آباد پولیس کے 8000 جوان بھی شہر اقتدار کے مختلف شاہراہوں پر تعینات ہونے گے۔
تمام نفری لاء اینڈ آرڈر صورتحال میں اسلام آباد پولیس کی معاونت کرے گی۔



















