گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ نوجوان افسران ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم ثابت ہوں گے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے پولیس سروسز آف پاکستان کے 51 ویں اسپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام اور 27 ویں انیشل کمانڈ کورس کے زیر تربیت افسران کی ملاقات ہوئی۔
اس موقع پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ تربیتی پروگرامز سے افسران کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے، ملک و قوم کو آپ سے بڑی توقعات وابستہ ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان افسران ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم ثابت ہوں گے، عوامی خدمت کے جذبہ رکھنے والوں کو کسی وسائل کی ضرورت نہیں ہوتی، گورنر ہاؤس میں جاری گورنر انیشیٹیوز اس کی عملی مثال ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سول سروس، پاکستان کے استحکام اور عوامی خدمت کا اہم ستون ہے، افسران کی تربیت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نکھارنا قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، تربیتی پروگرام مستقبل کی قیادت کے لئے بہترین مواقع فراہم کرتے ہیں۔
زیرِ تربیت پولیس افسران نے گورنر سندھ کی رہنمائی اور قیمتی معلومات فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
شرکاء نے ”امید کی گھنٹی“، راشن ڈرائیو، آئی ٹی مارکی، بابائے قوم کے تاریخی کمرہ کا دورہ کیا۔
شرکاء نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ امید کی گھنٹی “منفرد، راشن ڈرائیو شاندار اور آئی ٹی مارکی قابل تقلید اقدام ہیں۔



















