وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سیاسی استحکام کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پیپلزپارٹی کے 57ویں یوم تاسیس پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ پیپلزپارٹی پسے ہوئے طبقے کی نمائندہ جماعت ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو اپنی سیاست کا محور بنایا، عام عوام کو اپنے حقوق کا شعور شہید بھٹو نے دیا، شہید بھٹو نے ٹوٹے ہوئے ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا، ملک کو پہلا آئین، ایٹمی پروگرام دیا، معیشت کی کایا پلٹنے والے ادارے بنائے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سیاست کو اشرافیہ سے نکال کر پسے ہوئے طبقوں کو ایوانوں میں پہنچانے پر شہید بھٹو کو سزا دی گئی، شہید بھٹو کے بعد شہید بی بی نے عوامی سیاست کی قیادت کی، پاکستانی سیاست آج بھی محترمہ کے سیاسی فلسفے کے گرد گھومتی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بی بی کی شہادت پر صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر ملک بچایا، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سیاسی استحکام کے لئے دن رات کوشاں ہیں، بلاول بھٹو زرداری کی نوجوان قیادت نے پاکستانی سیاست کو نئی توانائی دی ہے، پیپلز پارٹی عوامی جدوجہد کی علامت ہے،



















