صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس نے ملک کیلئے بہت کچھ کیا ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو لاکھ گھروں کی سولرائزیشن شروع کی ہے، شہید بینظیر بھٹو نے پاکستان کو میزائل ٹیکنالوجی دی، مختلف جماعتیں ایٹمی دھماکوں کا کریڈٹ لینے کی کوشش کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے قیام کا مقصد غریب، پسے ہوئےعوام کو مضبوط کرنا ہے، پیپلز پارٹی کے پاس قربانیوں، جدوجہد کی تاریخ ہے جو کسی اور جماعت کے پاس نہیں، شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے ملک کو آئین، ایٹمی قوت بنایا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کسانوں، مزدوروں کے لیے پالیسی دی، پارلیمان کو بااختیار بنانے کیلئے صدر نے اپنے اختیارات دیے، پیپلز پارٹی عوامی جماعت ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 30 نومبر کو پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھی گئی تھی، پیپلز پارٹی کے قیام کا مقصد ملک میں جمہوریت کو مضبوط کرنا ہے، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس نے ملک کیلئے بہت کچھ کیا ہے۔



















