Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چیمپئنز ٹرافی؛ چیئرمن پی سی بی دبئی میں متحرک

دئبی:  چیمپئنز ٹرافی 2025 کے سلسلے میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی دبئی میں متحرک ہوگئے۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے متحدہ عرب امارات کے کرکٹ بورڈ کے ہیڈ و آئی سی سی ایسوسی ایٹس ممبر کمیٹی کے چیئرمین مبشر عثمانی سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ پاکستان اور یو اے ای میں کرکٹ کے فروغ کے لئے مزید اقدامات پر گفتگو کی گئی۔

اس دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے حوالے سے بھی بات چیت کی اور اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن پراجیکٹس پر پیش رفت کے بارے میں بھی بتایا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے پوری طرح تیار ہے، پاکستان پرامن ملک ہے اور پاکستانی قوم کرکٹ کے کھیل سے محبت کرتی ہے۔

محسن نقوی کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی سمیت تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی جاچکی ہے، کرکٹ شائقین چیمپئنز ٹرافی کے بڑے مقابلے کے لیے بے تاب ہیں۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ تمام ممالک کو اسٹیٹ گیسٹ کا پروٹوکول اور سیکیورٹی دی جائے گی، چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کا انعقاد پاکستان کے لئے اعزاز ہے اور ہم ہر ٹیم کو کھلے دل سے خوش آمدید کہتے ہیں۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ ہم نے کرکٹ اور سیاست کو الگ الگ رکھنا ہے جب کہ چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد اور ایڈوائزر سلمان نصیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ خبریں