وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ مہنگائی کا کم ترین سطح پر آنا پاکستانیوں کیلئے اچھی خبر ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں وفاقی کابینہ نے وزارت تجارت کی سفارش پر مونو سوڈیم گلوٹامیٹ (اجینو موتو) کی درآمد پر پابندی اٹھانے کے سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے پر نظر ثانی درخواست دائر کرنے کی منظوری دی۔
یہ فیصلہ ماہرین کی اس خصوصی کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں کیا گیا ہے جو کہ وزیراعظم آفس کی ہدایت پر مونو سوڈیم گلوٹامیٹ کی انسانی صحت پر اثرات کو جانچنے کے حوالے سے بنائی گئی تھی۔
اس کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں مونو سوڈیم گلوٹامیٹ کو انسانی صحت کے لئے محفوظ قرار دیا ہے۔ اس کمیٹی میں پاکستان سائینٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ، نیشنل ایگریکلچر ریسرچ سینٹر ، نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی ، انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ اینڈ نیوٹریشنل سائنسز، وفاقی وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق ، پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی اور سرمایہ کاری بورڈ کے نمائندگان شامل تھے۔
وفاقی کابینہ نے وزارت وفاقی تعلیم و فنی تربیت کی سفارش پر یونیورسٹی آف کیمبرج ، سینٹ انٹونیز کالج یونیورسٹی آف آکسفورڈ، یونیورسٹی آف جارڈن, پیکنگ یونیورسٹی, چین ، یونیورسٹی آف ہائیڈل برگ، جرمنی میں پاکستان چئیرز کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں کی تجدید کی منظوری دے دی۔
کابینہ نے وزارت وفاقی تعلیم و فنی تربیت کی سفارش پر سینٹر آف ایکسیلنس ، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ، لاہور کے بورڈ آف گورنرز میں ڈاکٹر حبیب الرحمٰن اور ڈاکٹر کامران انصاری کی بطور سبجیکٹ ایکسپرٹس نامزدگی کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے وزارت وفاقی تعلیم و فنی تربیت کی سفارش پر سینٹر آف ایکسیلنس ان منرالوجی ، یونیورسٹی آف بلوچستان ، کوئٹہ کے بورڈ آف گورنرز میں ڈاکٹر ممتاز محمد شاہ اور ڈاکٹر محمد احمد فاروقی کی بطور سبجیکٹ ایکسپرٹس نامزدگی کی منظوری دے دی۔
کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر اسلام آباد سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے تجویز کی اصولی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر نیشنل پریوینشن آف وائلینٹ ایکسٹریمزم پالیسی 2024 کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش پر اور معزز سندھ ہائی کورٹ، کراچی کے احکامات کی روشنی میں اسپیشل کورٹس کی حدود/دائرہ کار میں تبدیلی کی منظوری دے دی۔
کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش پر اور معزز بلوچستان ہائی کورٹ، کوئٹہ کے احکامات کی روشنی میں اسپیشل کورٹس (کسٹمز، ٹیکسیشن اینڈ اینٹی اسمگلنگ) کوئٹہ اور خضدار کے دائرہ کار میں تبدیلی کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش اور معزز پشاور ہائی کورٹ، معزز لاہور ہائی کورٹ، معزز اسلام آباد ہائی کورٹ، معزز سندھ ہائی کورٹ، کراچی، معزز بلوچستان ہائی کورٹ، کوئٹہ کے احکامات کی روشنی میں ایڈیشنل سیشن ججز اور دوسری متعلقہ عدالتوں کو لائیرز ویلفیئر اینڈ پروٹیکشن ایکٹ 2023 کے تحت مقدمات سننے کا اختیار دینے کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دھرنے کا مقصد ملک میں ہیجانی کیفیت پیدا کرنا تھا، اسلام آباد میں توڑ پھوڑ کی، رینجرز، پولیس اہلکاروں کو شہید کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی ہی وہ معاملہ ہے جس سےغریب براہ راست متاثر ہوا، مہنگائی میں کمی سے غربت میں کمی، غریب کی زندگی میں آسانی آتی ہے، مہنگائی کا کم ترین سطح پر آنا پاکستانیوں کے لیے اچھی خبر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ 70 ماہ بعد نومبر میں مہنگائی کم ترین سطح پر آگئی، 2018 میں نوازشریف کے دورحکومت میں مہنگائی 3.5 فیصد تھی، طویل عرصے بعد اب مہنگائی کم ہو کر 4.9 فیصد پر آگئی ہے۔



















