Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

معذور افراد کیلئے ایک جامع معاشرہ بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے، بلاول بھٹو

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ معذور افراد کیلئے ایک جامع معاشرہ بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

 چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے معذور افراد کے عالمی دن پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ معذور افراد کیلئے ایک جامع معاشرہ بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے، ایک بہتر پاکستان کی تعمیر میں معذور افراد کے کردار اور ان کی خدمات کو بھی تسلیم کرنا ہوگا۔

 انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ پسماندہ طبقات بشمول معذور افراد کے حقوق کے تحفظ میں پیش پیش رہی ہے، روزگار میں کوٹہ سے لے کر شمولیتی تعلیمی پالیسیوں کے نفاذ تک، ہم نے ہمیشہ معذور افراد کو بااختیار بنانے پر توجہ دی ہے، ہم نے معذور افراد کو معاشرے میں مساوی شراکت دار کے طور پر شامل کرنے کے لیے کام کیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ معذور افراد کو مساوی مواقع فراہم کرنا اور بنیادی سہولیات تک رسائی دینا صرف قانونی ذمہ داری نہیں ہے بلکہ یہ ایک ترقی پسند معاشرے کا اخلاقی فرض بھی ہے، ہمیں ان سماجی تعصبات اور دقیانوسی تصورات کو ختم کرنے کی ضرورت ہے جو عدم مساوات کو بڑھاتے ہیں۔

 چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہمیں ایک ایسا ماحول پیدا کرنا ہوگا جہاں معذور افراد سمیت ہر فرد ترقی کر سکے، معذور افراد کو نہ صرف فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کیا جائے بلکہ پائیدار مستقبل کے لیے قیادت کے لیے بھی بااختیار بنایا جائے، معذور افراد کی قیادت ایک حقیقی جامع پاکستان کے حصول کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ پرسنز ود ڈس ایبلٹیز ایمپاورمنٹ ایکٹ 2018 کا نفاذ ایک تاریخی قانون سازی ہے، وفاقی اور دیگر صوبائی حکومتیں معذور افراد کے حقوق سے متعلق قوانین کے نفاذ کو مضبوط بنائیں، دیگر حکومتیں سندھ سے سیکھیں تاکہ پاکستان اقوام متحدہ  کنوینشنز پر آگے بڑھ سکے۔

متعلقہ خبریں