سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومتِ سندھ ٹرانسپورٹ کے نظام کو دنیا سے ہم آہنگ اور جدید بنانے کی خواہاں ہے۔
حکومت سندھ کی جانب سے پیپلز بس سروس کے 40 اسٹاپس کی تعمیر دو ماہ کے اندر مکمل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے سندھ بھر میں گاڑیوں کی جدید سائٹیفک فٹنس چیکنگ لازمی کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، پیپلز بس سروس کے پروجیکٹ ڈائریکٹر صہیب شفیق اور دیگر شریک ہوئے۔
اس موقع پر سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز بس سروس کے 100 اسٹاپس کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے، باقی اسٹاپس کا کام بھی جلد از جلد مکمل کیا جائے، دو ماہ کے اندر جنوری 2025 تک باقی ماندہ 40 بس اسٹاپس پر بھی کام مکمل کرلیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ ٹرانسپورٹ کے نظام کو دنیا سے ہم آہنگ اور جدید بنانے کی خواہاں ہے، پیپلز بس سروس کے جدید ترین بس اسٹاپ جدید، موثر، اور پائیدار نقل و حرکت کے لئے بہت اہمیت کے حامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جدید بس اسٹاپس مسافروں کے لئے بیٹھنے کی بہترین جگہ اور موسم سے تحفظ فراہم کریں گے۔
اجلاس میں شرجیل انعام میمن کو آگاہی دی گئی کہ باقی بچ جانے والے اسٹاپس میں سے دو پر کام مکمل ہو چکا ہے، دیگر پر بھی جلد از جلد کام مکمل کر لیا جائے گا۔
سندھ کے سینئر وزیر نے کہا کہ گاڑیوں کی فٹنس کو یقینی بنانا روڈ سیفٹی اور ماحولیاتی تحفظ کا ایک سنگ بنیاد ہے، باقاعدگی سے فٹنس چیکنگ حادثات کو ٹالنے اور نقصان دہ اخراج کو روکنے کے لئے اہم ہے، فٹنس چیکنگ کاربن فوٹ پرنٹ میں کمی اور عوام کے تحفظ کو یقینی بناتی ہے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ حادثات کی روک تھام اور ماحولیات کے تحفظ کے لئے گاڑیوں کی فٹنس چیکنگ ناگزیر ہے، گاڑیوں کی رجسٹریشن اور رجسٹریشن کے منتقلی اور ٹیکس ادائگی کے وقت بھی گاڑیوں کی فٹنس کا موثر نظام لایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر ایک سال کے اندر گاڑیوں کی لازمی فٹنس چیکنگ کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں، فٹنس قوانین پر عمل نہ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



















