وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت تعلیمی شعبے کی بہتری کیلئے کام کررہی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آئی بی اے گریجوئٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2024 کے گریجوئٹس کو مبارکباد دیتا ہوں جن کو بڑی کامیابی کے بعد آج کا دن نصیب ہوا، والدین اور دوستوں کی سپورٹ سے آپ نے اس کامیابی کی اونچائی کو چھوا ہے وہ بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ کانووکیشن ایک خاص موقع ہے جو آپکی کامیابی کے بعد اور بھی زیادہ اہمیت کا حامل ہے، آئندہ سال آئی بی اے کے تعلیم کے شعبہ میں شاندار کارکردگی کے 70 سال پورے ہوں گے، ستر سال ہونہار لیڈرز پیدا کرنے کی میراث رکھنے کا دعویٰ بہت کم ادارے کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی بی اے کراچی ہمیشہ تعلیمی قابلیت، قائدانہ ترقی اور بامعنی سماجی اثرات پیدا کرنے میں سب سے آگے رہا ہے، بطور وزیراعلیٰ میں اپنے نوجوانوں کو عالمی معیار کی تعلیم فراہم کرنے کی اہمیت کو بخوبی سمجھتا ہوں۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ تعلیم جو نہ صرف تکنیکی معلومات بلکہ قیادت، دیانتداری اور سماجی اقدار کو بھی فروغ دیتی ہے، آئی بی اے کراچی 67 فیصد پی ایچ ڈی ڈگریاں رکھنے والا غیر معمولی فیکلٹی ہے، تعلیم اور تحقیق کے ذریعے ایک تربیتی ماحول پیدا ہوتا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ طلبہ جدید علوم میں مشغول رہتے آگے بڑھتے اور ایک قائدانہ کردار کیلئے خود کو تیار کرتے ہیں، مصنوعی ذہانت، ڈیٹا سائنس اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سے دنیا تیزی سے ترقی کر رہی ہے، بطور گریجویٹس آپکو ان ترقی و تبدیلی میں خود کی صلاحیتوں کو منوانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کا نوجوان اس ترقی یافتہ نظام میں عالمی سطح پر کردار ادا کرنے کی بے پناہ صلاحیت رکھتا ہے، آئی بی اے کراچی کے پاس اٹھارہ ہزار سے زائد قابل اور ہونہار سابق طلباء نیٹ ورک ہے، مختلف شعبوں میں آئی بی اے کے گریجوئٹس اپنی صلاحیتوں کو نہ صرف منوا رہے ہیں بلکہ ملک کا نام بھی روشن کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں قدم رکھتے ہی حقیقی قیادت ذاتی کامیابی سے بالاتر بن جاتی ہے، آپ پاکستان کے مستقبل کے معمار ہیں، آئی بی اے کراچی نے علم کے ذریعے آپکو دنیا بھر میں رہنمائی کرنے کے لیے تیار کیا ہے، کامیابی کا مضمر اس علم کو مثبت اور دیانتداری کو برقرار رکھنے کیلئے استعمال کرنے میں ہے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ خطرات کا جرات سے مقابلہ کرتے اپنے عزم پر ثابت قدم رہ کر اپنی زندگی کا آغاز کریں، ذمہ داری کے ساتھ آنے والے چیلنجز کو قبول کریں کیونکہ وہ آپکو ایک لیڈر کی شکل دیں گے۔



















