اسلام آباد: کابینہ اجلاس میں ایک قوم اور ایک شناخت کے تحت ہر پاکستانی کی منفرد آئی ڈی تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ختم ہوگیا ہے جس میں ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے متعدد ایجنڈے آئٹمز کی منظوری دی جب کہ کابینہ نے کرم میں ادویات کی قلت کا بھی نوٹس لیا۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ کرم میں ادویات کی قلت کو فوری طور پر دور کیا جائے، وفاقی حکومت کے پی حکومت سے ادویات کی قلت پر رابطہ کرے۔
ہر پاکستانی کی منفرد آئی ڈی تیار کرنے کا فیصلہ
ذرائع نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں قومی رجسٹریشن اور بائیومیٹرک پالیسی فریم ورک کی اصولی منظوری دی گئی جب کہ ایک قوم اور ایک شناخت کے تحت ہر پاکستانی کی منفرد آئی ڈی تیار کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کے تحت ہر شہری کا مکمل ڈیٹا یکجا کردیا جائے گا۔ پاسپورٹ، شناختی کارڈ اور پولیس ریکارڈ کو یکجا کیا جائے گا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ نادرا، اسٹیٹ بینک، ایس ای سی پی اور ایف بی آر کو ڈیٹا تک رسائی ہوگی جب کہ وفاقی کابینہ نے مختلف اداروں کے بورڈ کی تنظیم نو کی بھی منظوری دے دی ہے۔
وزیر اعظم کا اظہار خیال
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے گفتگو میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی میں کمی آرہی ہے، شرح سود میں 2 فیصد کمی تاجروں اور ایکسپورٹرز کے لئے خوش آئند بات ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہوگا جس سے بیرون ملک سرمایہ کاری خود آئے گی، اس فیصلے سے ہماری سرمایہ کاری بڑھے گی اور معیشت کو بھی فائدہ ہوگا جب کہ یہ موقع ہے کہ ملکی معیشت کو تیزی سے ترقی کی طرف لے کر جائیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاک اور افغانستان کے علاوہ دنیا کے دیگر ممالک میں پولیو کا خاتمہ ہوچکا ہے، پولیو کے خاتمے میں رکاوٹیں ڈالی جاتی ہیں جو انتہائی افسوس ناک ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کل کرک میں انسداد پولیو ٹیم پر ہونے والے حملے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوا جب کہ انسداد پولیو ورکرز دلیری کے ساتھ مہم چلا رہے ہیں۔
وزیراعظم مزید کہتے ہیں کہ چند دن پہلے یونان میں کشتی ڈوبنے سے 5 پاکستانی جان سے گئے، ایسے واقعات سے بے گناہ جانیں ضائع ہوتی ہیں جب کہ انسانی اسمگلنگ سنجیدہ مسئلہ ہے اور اس پر اعلیٰ سطح کا اجلاس بلاؤں گا۔



















