ہالی ووڈ فلم بے بی ڈرائیور کے چائلڈ اسٹار ہڈسن میک کا انتقال ہو گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلم ’بے بی ڈرائیور‘ کے چائلڈ اسٹار ہڈسن میک 19 دسمبر کو ایک حادثے میں شدید زخمی ہونے کے بعد 16 سال کی عمر میں 21 دسمبر کو انتقال کر گئے۔
ہڈسن میک چلتی ہوئی گاڑی سے گرنے کے باعث زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر یونیورسٹی آف الاباما ایٹ برمنگھم اسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ حادثے میں انہیں شدید چوٹیں آئیں، جن کے باعث وہ دورانِ علاج جانبر نہ ہوسکے۔
دوسری جانب پولیس حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کر رہی ہے، اور ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے کے وقت گاڑی حرکت میں تھی۔
یاد رہے کہ ہڈسن میک نے ’بے بی ڈرائیور‘ میں کم عمر ’بے بی‘ کا کردار ادا کیا تھا اور وہ بچوں کے شوز میں وائس اوور آرٹسٹ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے تھے۔




















