چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی میراث کو آگے بڑھانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے 17 ویں یوم شہادت پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ بی بی شہید کی بے مثال قربانیوں، غیر متزلزل قیادت اور پاکستان کے لیے ان کی پائیدار میراث کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی زندگی جراَت، استقامت اور لاکھوں پاکستانیوں کے لیے امید کی علامت تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جدوجہد اور زندگی قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وژن سے گہرائی سے جڑی تھی، شہید محترمہ بینظیر بھٹو صرف ایک سیاسی شخصیت نہیں، بلکہ مظلوم، محکوم اور پسماندہ طبقات کے لیے امید کی کرن تھیں، مساوات اور خوشحال پاکستان کے لیے اپنے والد کے وژن سے بی بی شہید کی غیر متزلزل وابستگی ہم سب کے لیے ایک تحریک ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید بھٹو کی طرح، شہید محترمہ بینظیر بھٹو بھی عوام کی طاقت پر یقین رکھتی تھیں، شہید محترمہ بینظیر بھٹو بھی قائدِ عوام کی طرح مزدوروں، کسانوں اور پسماندہ طبقات کو قومی ترقی کی بنیاد سمجھتی تھیں، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی مصالحت، مشاورت اور مختلف نقطہ نظر کو سمجھنے کی فلسفیانہ سوچ نے ایک جدید اور روشن پاکستان کی بنیاد رکھی۔
چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی میراث کو آگے بڑھانے کے لیے پُرعزم ہیں، بی بی شہید نے ایسے پاکستان کا خواب دیکھا تھا جہاں ہر شہری کو برابری کے مواقع اور وسائل تک رسائی حاصل ہو، ہم شہید محترمہ بینظیر بھٹوکے انسانی آزادی اور جمہوری اقدار کے فلسفے پر عمل پیرا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی، انتہا پسندی اور پاکستان کے استحکام کو خطرے میں ڈالنے والی کسی بھی قوت کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اسلامی دنیا کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم تھیں، عالمی اشوز پر بھی ان کی لیگیسی مشعلِ راہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر سمیت تصفیہ طلب عالمی اشوز پر بی بی شہید کے ویژن سے رہنمائی لیتے رہیں گے، بی بی شہید کی مدبرانہ قیادت عالمی چیلنجوں سے نمٹنے اور مظلوم قوموں کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے میں ایک رہنما اصول کے طور پر کام کرتی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم ان اہم عالمی اشوز پر اپنے مؤقف پر ثابت قدم ہیں، جمہوریت اور آئینی حکمرانی کو درپیش چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے قوم متحد ہو جائے، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی زندگی استقامت اور اپنی ذات کو بھول کر ایک عظیم مقصد کے لیے خود کو وقف کرنے کا سبق دیتی ہے۔
چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ بی بی شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے خواب کو حقیقت بنایا جائے، بی بی شہید کا خواب ایک جمہوری، ترقی پسند اور جامع پاکستان ہے، جہاں ہر فرد کی عزت و تکریم کو یقینی بنایا جائے، کارکنان اور قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بی بی شہید کے جمہوریت، رواداری اور سماجی انصاف کے اصولوں کے ساتھ اپنی وابستگی کا تجدید عہد کریں۔
انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی زندگی اور قربانی ایک منصفانہ اور مساوی معاشرے کے لیے ان کی جدوجہد کا لازوال ثبوت ہے، ہماری ذمہ داری ہے کہ شہید بی بی کے اس خواب کو حقیقت میں بنائیں، وہ خواب جس میں پاکستان سیاسی، سماجی اور معاشی استحصال سے پاک ہو۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ دن دور نہیں جب شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے انصاف پر مبنی پاکستان کا وژن حقیقت بنے گا۔
یہ بھی پڑھیں: سانحہ لیاقت باغ، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت



















