وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں قابلیت اور وسائل کی کوئی کمی نہیں۔
وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ پروفیسر احسن اقبال نے سول سروسز اکیڈمی میں 47 ویں سپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام کے افسران کی پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سول سروس ایک کیریئر نہیں مشن کا نام ہے، پاکستان کو اس وقت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قابلیت اور وسائل کی کوئی کمی نہیں، ہمیں یہ سوچنا ہوگا کہ ہم سے ترقی میں بہت پیچھے رہ جانے والے خطے کے بہت سے ممالک آج ہم سے آگے کیسے نکل گئے، چار عوامل پر غور کئے بغیر اس کا حل نہیں نکل سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں، کسی بھی ملک میں سیاسی استحکام پائیدار ترقی کے لئے ناگزیر ہے، پالیسیوں کا تسلسل ملکی ترقی کے لئے سب سے ضروری ہے. حکومتوں کی تبدیلی سے پالیسیوں کے تسلسل پر فرق نہیں پڑنا چاہیے۔
احسن اقبال نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک پالیسیوں کے تسلسل سے ہی دنیا میں اپنا مقام قائم رکھے ہوئے ہیں، پاکستان کو درپیش چیلنجز میں پہلا چیلنچ برآمدات میں اضافہ ہے، ہماری پہلی ترجیح پاکستان کی ایکسپورٹ کو بڑھانا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی کے انقلابی دور سے گزر رہے ہیں، زراعت کی ترقی، پانی کے وسائل اور زرعی اجناس سمیت دیگر شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں بھی بہت فوکس کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان کو تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کا بڑے چیلنج بھی درپیش ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گڈ گورننس تمام اہداف کے حصول میں سب سے اہم جزو ہے، سول سرونٹس کے طور پر آپ کی سب سے اہم ذمہ داری شہریوں کو ریاست کے ساتھ جوڑنا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ دوران سروس آپ کی شہرت اور میراث ایک خوشبو کی طرح ہے جو چھپائی نہیں جاسکتی، آپ کی تعیناتی مختصر ہوسکتی ہے لیکن شہرت اور میراث مستقل ہوتی ہے، آپ کو اسے ہمیشہ بہترین رکھنا ہے۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ دوران سروس ایسی شخصیت اپنائیں جس پر آپ اور ملک کو فخر ہو، ملک کو آپ جیسے قابل افسران اور لیڈرز کی ضرورت ہے۔



















