Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دوسری شادی نہ صرف اپنی خوشی بلکہ بچوں کی بھلائی کیلئے کی، دانیہ انور

پاکستان کی معروف اداکارہ دانیہ انور کا کہنا ہے کہ دوسری شادی نہ صرف اپنی خوشی بلکہ بچوں کی بھلائی کیلئے کی۔

 حال ہی میں پاکستان کی معروف اداکارہ دانیہ انور نے نجی ٹی وی چینل کے شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی پہلی شادی، طلاق اور دوسری شادی کے بارے میں بات کی۔

انہوں نے کہا کہ ان کی پہلی شادی 19 سال کی عمر میں ہوئی تھی اور یہ شادی 6 سال تک چلی تاہم ان کے پہلے شوہر نشے کے عادی تھے اور ان کے رویے دن بہ دن خراب ہوتے گئے، وہ نہ صرف تشدد کرتے بلکہ ان کی تضحیک بھی کرتے تھے جس کی وجہ سے انہوں نے اس رشتے کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

دانیہ کا کہنا تھا کہ طلاق کے بعد انہوں نے کچھ عرصے کیلئے دوبارہ شادی نہ کرنے کا سوچا تھا لیکن جلد ہی ان کی زندگی میں ایک اچھا شخص آیا جن سے ان کا دو سال تک تعلق رہا۔ ان کی بیٹی نے دوسری شادی کیلئے ان کی حوصلہ افزائی کی، دوسری شادی نہ صرف اپنی خوشی بلکہ بچوں کی بھلائی کے لیے بھی کی۔

اداکارہ نے کہا کہ ان کی عمر اب 37 سال ہے اور وہ اپنی زندگی میں سکون اور خوشی محسوس کرتی ہیں کیونکہ ان کی ساس اور سسر بھی بہت اچھے ہیں جو انکی بہت رہنمائی بھی کرتے ہیں۔