Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کوئی بچہ تعلیم سے محروم رہ جائے تو یہ ریاست کے لیے لمحہ فکریہ ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ کوئی بچہ تعلیم سے محروم رہ جائے تو یہ ریاست کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سرگودھا یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح آپ نے مجھے پیار دیا اس کو کبھی نہیں بھلا سکوں گی، سب سے بڑا اسکالرشپ پروگرام ہے، سرگودھا یونیورسٹی میں آکر بہت اچھا محسوس کررہی ہوں، ہونہار اسکالرشپ ملکی تاریخ کا پہلا اور سب سے بڑا پروگرام ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے ہونہار بیٹوں، بیٹیوں آپ کی محنت کو سلام ہے، آپ کو آج گارڈ آف آنر آپ کی محنت کے نتیجے میں ملا ہے، آپ لوگوں نے کم وسائل کے ساتھ محنت کر کے اسکالرشپ حاصل کی ہے، مجھے آپ پر فخر ہے، بطور وزیراعلیٰ اور ماں میں آج بہت خوش ہوں، آپ سب اس ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، آپ کے والدین نے بڑی محنت سے آپ کو آج اس قابل بنایا ہے، بچے تعلیم یافتہ ہوں گے تو ملک ترقی کرے گا، شکریہ نہیں کہنا، اسکالرشپ آپ کا حق، محنت کا ثمر ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ وزیر تعلیم نے بڑی محنت کے ساتھ پروگرام آگے بڑھایا، طلبا کو اپنی محنت کا پھل اسکالرشپ کی صورت میں ملا، طلبا کے مسائل میرے مسائل ہیں، میانوالی، بھکر، سرگودھا کے طلبا کو کسی تفریق کے بغیر اسکالرشپس ملیں، 30 ہزار طلبا کو اسکالرشپ دی گئی ہیں، اسکالرشپس کو 50 ہزار تک لے کر جائیں گے۔

 مریم نواز نے کہا کہ سیکنڈایئر، تھرڈ ایئر کے طلبا کو بھی اسکالرشپ دینے پر کام کروں گی، 30 ہزار میں سے ایک بھی اسکالرشپ میرٹ کے خلاف نہیں دی گئی، کسی طالبعلم کا سیاسی جماعت سے تعلق نہیں دیکھا گیا، طلبا کو بطور وزیراعلیٰ نہیں بلکہ ماں کی طرح دیکھتی ہوں، میرے لیے پنجاب کے تمام بچے برابر ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس طلبا کو مفت دیں گے، بہت جلد آپ کے پاس لیپ ٹاپ لے کر آرہی ہوں، کوئی بچہ تعلیم سے محروم رہ جائے تو یہ ریاست کے لیے لمحہ فکریہ ہے، چاہتی ہوں بچے اے آئی، ربوٹک، آئی ٹی جیسے مضامین پڑھیں، ایسا نہیں ہو سکتا ایک بچہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرے دوسرا محروم رہے، کچھ بھی ہو جائے اپنے ملک کے خلاف نہ جانا، ہم اپنے ملک کو ترقی میں پیچھے نہیں رہنے دیں گے، ملک ہمارا ہے، اس سے وفا کریں گے تو پاکستان آگے بڑھے گا۔

متعلقہ خبریں