وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ہر اہم موقع پر ملک میں گند پھیلانا چاہتی ہے۔
وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی کانفرنس چل رہی ہے جس میں ہزاروں مندوبین شریک ہیں، جو ملک کو عالمی تنہائی کا شکار کرنا چاہ رہے تھے ناکام ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان کو نئی پہچان دی، دوست ممالک کا کوئی سربراہ آئے تو انکے پیٹ میں درد ہوتا ہے، ایک نیا تماشہ شروع کیا گیا ہے کہ کسی طرح سول نافرمانی ہو، اڈیالہ جیل میں موجود فتنہ نے سول نافرمانی کی کال دی تھی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی کال کے باوجود ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے، پہلے فائنل کال دی گئی جو مس کال ثابت ہوئی، پی ٹی آئی ہر اہم موقع پر ملک میں گند پھیلانا چاہتی ہے، یہ ڈی چوک سے مال واسباب چھوڑ کر بھاگے ہیں۔
وزیر اطلاعات و ثقافت نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں انکے لیڈر کو کوئی عالمی رہنما فون نہیں کرتا تھا، بانی پی ٹی آئی کا واحد ایجنڈا ملک کی تباہی ہے، دوست ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کرنے کی کوشش کی گئی۔



















