Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بانی پی ٹی آئی کو سزا ہونے کے باوجود کوئی شخص باہر نہیں نکلا، شرجیل میمن

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو سزا ہونے کے باوجود کوئی شخص باہر نہیں نکلا۔

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنے مخالفین کو چور کہا، بانی پی ٹی آئی نے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی، بانی پی ٹی آئی کی حقیقت عیاں ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیاں کیں، فرح گوگی پنجاب حکومت چلا رہی تھی، مخالفین کو نیب کے ذریعے گرفتار کرایا گیا، مخالفین کو نیب کے ذریعے انتقام کا نشانہ بنایا، بانی کی منشا پر نیب نے پیپلز پارٹی قیادت کو بھی جیل میں ڈالا، بانی پی ٹی آئی نیب کے ذریعے ملک پر حاکمیت چاہتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی اور اس کے حواریوں نے مخالفین کے خلاف من پسند فیصلے کیے، آج کے فیصلے سے ثابت ہوگیا بانی کس حد تک بدنیت شخصیت تھے، ان کی نظر میں بشریٰ بی بی سیاست میں جو کررہی تھیں وہ جائز تھا، بانی پی ٹی آئی کو عدالت سے آج 14 سال کی سزا ہوئی، بانی پی ٹی آئی کو سزا ہونے کے باوجود کوئی شخص باہر نہیں نکلا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری پر پاکستان بھر میں دہشت گردی ہوئی، کور کمانڈر ہاؤس، جی ایچ کیو پر حملے کی کوشش کی گئی، کراچی میں بسیں جلائی گئیں، لوگوں کی املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔

وزیر اطلاعات سندھ کا مزید کہنا تھا کہ اب سزا کو 4 سے 5 گھنٹے ہوگئے کوئی بھی باہر نہیں آیا، کوئی باہر نہیں آیا کیونکہ ان کو ہدایت دینے والا خود جیل میں ہے، بانی پی ٹی آئی 2018 سے ریاست کے خلاف جنگ کررہا ہے، یہ جنگ سوشل میڈیا سمیت مختلف پلیٹ فارم پر لڑی جارہی ہے، سوشل میڈیا پر یہ جو جنگ کررہے ہیں وہ کسی سے چھپی ہوئی نہیں، انٹرنیشنل فورمز پر ان کے سہولت کار، لابیز کام کررہی ہیں۔

متعلقہ خبریں