پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ن لیگ کے خلاف ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔
پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے اربوں اور کھربوں کے منصوبے لگائے، نواز شریف کو کرپشن کیس پر وزارت عظمیٰ سے نہیں ہٹایا گیا تھا، بیٹے سے تنخواہ لینے پر نوازشریف کو کرسی سے ہٹایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام 190 ملین پاؤنڈ کا فیصلہ جان چکے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے این سی اے کو خط لکھا تھا، اس خط پر این سی اے نے تحقیقات شروع کی، این سی اے نے حسین، حسن، نواز شریف اور شہباز شریف کو کلین چٹ دی، یہ کیس وہ گڑھا ہے جو بانی پی ٹی آئی نے کسی اور کیلئے کھودا اور خود گرگئے۔
ان کا کہنا تھا کہ لیگی قیادت کو جیل میں ڈال کر کھنگالنا شروع کردیا تھا، 40، 40 سال پرانے کیسز نکالنا شروع کردیے تھے، اگر پرائیویٹ پیسہ تھا تو بند لفافہ کیوں لہرایا گیا؟ اگر یونیورسٹی بنانی تھی تو وزیراعظم، گورنرہاؤس میں بناتے، یہ کوئی ذاتی پیسہ نہیں تھا بانی پی ٹی آئی کی ڈکیتی تھی، لوہے پر سونے کا پانی چڑھا دو تو وہ سونا نہیں بن جاتا۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ کہتے ہیں ڈٹ کر کھڑا ہے کپتان لیکن اصل میں کرپشن کرکے کھڑا ہے کپتان، 190 ملین پاؤنڈ اوپن اینڈ شٹ کیس ہے انہیں چاہیے اپیل میں نہ جائیں، جب دوسروں کو چور ڈاکو کہہ رہے تھے تب 190 ملین پاؤنڈ پر ڈاکہ ڈال رہے تھے، یہ پیسہ پاکستان کے عوام کا تھا اور قومی خزانے میں آنا تھا۔



















