وفاقی وزیر مواصلات، نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان کی زیر صدارت پاکستان پوسٹ کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں پاکستان پوسٹ کی کارکردگی، ریونیو میں اضافے اور خدمات کی بہتری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے پاکستان پوسٹ کو 30 جون 2025 تک اپنا ریونیو 14 ارب روپے تک بڑھانے کا ہدف دیا۔
انہوں نے کہا کہ کفایت شعاری کے اصولوں کو اپنانے اور غیر ضروری اخراجات میں کمی سے ادارے کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔
وزیر مواصلات نے پاکستان پوسٹ کو جدید فریم ورک اختیار کرنے اور اسے عالمی معیار کی کورئیر کمپنی میں تبدیل کرنے کا ٹاسک بھی سونپ دیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان پوسٹ کو مضبوط اور مؤثر مارکیٹنگ نیٹ ورک کے ذریعے منافع بخش ادارہ بنایا جا سکتا ہے۔
ڈیجیٹیلائزیشن کے ذریعے خدمات کی فراہمی کو بہتر بنایا جائے اور نجی اداروں کا مؤثر مقابلہ کرنے کے لیے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اقدامات اٹھائے جائیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان پوسٹ نے گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال اب تک 23.5 فیصد زائد محصولات حاصل کیے ہیں۔
مزید یہ کہ ادارے نے 1.4 بلین روپے مالیت کے نئے کاروباری مواقع پیدا کیے ہیں جبکہ اخراجات میں کمی کے اقدامات سے 2.4 بلین روپے کی بچت متوقع ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈاک کی ترسیل کا نظام جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے، اور پوسٹ آفس کی بلڈنگز کو کرایہ پر دینے سے بھی محصولات میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔
بقایا جات کی وصولی اور دیگر ذرائع آمدن کو بہتر بنانے کے لیے ایک سہ جہتی حکمت عملی پر عمل کیا جا رہا ہے۔
عبدالعلیم خان نے پاکستان پوسٹ کے ملازمین کو ہدایت دی کہ پیشہ وارانہ مہارت کو فروغ دے کر ادارے کو مزید ترقی دی جائے اور ملازمین کا روزگار محفوظ بنایا جائے۔
انہوں نے ادارے کو ہدایت کی کہ وہ اپنی خدمات میں جدت لائے اور ریونیو بڑھانے کے اہداف میں اضافہ کرے۔



















