اسلام آباد: وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی طلباء و طالبات کی چین میں جدید زرعی تربیت کا پورا خرچ حکومت پاکستان اٹھائے گی۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے چین میں جدید زراعت کی تربیت کے حصول کیلئے جانے والے پاکستانی طلباء و طالبات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی آج اسلام آباد میں صدارت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ زرعی شعبے سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات نے شفاف طریقے سے پورٹل کے ذریعے درخواستیں جمع کروائیں، 1287 درخواستوں میں سے 711 طلباء و طالبات تربیت کے طے کردہ معیار پر پورے اترے، ان طلباء و طالبات میں بلوچستان اور گلگت بلتستان کے امیدوار بھی شامل ہیں۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ان طلباء و طالبات کو دو بیچز میں چین بھیجا جائے گا، پہلی کھیپ میں 300 طلباء و طالبات آبپاشی میں بہتری، مویشیوں میں بیماریوں کی تشخیص و نگرانی، مویشیوں کی افزائش نسل و جدید جینیات اور جدید بیجوں کی تیاری و انکی پراسیینگ کے شعبوں میں تربیت کیلئے بھیجا جائے گا، طلباء و طالبات کی پہلی کھیپ مارچ 2025 میں چین روانہ ہوگی۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ 400 طلباء کی دوسری کھیپ رواں برس کے وسط میں چین بھیجی جائے گی جو زراعت میں جدید مشینری کے استعمال، فصلوں کی تیزی سے افزائش، زراعت میں جدید ٹیکنالوجی بشمول مصنوعی ذہانت کا استعمال اور پھلوں و سبزیوں کی پراسیسنگ کے شعبوں میں تربیت دی جائے گی۔
وزیراعظم نے چین میں زرعی شعبے کی تربیت کیلئے بھیجے جانے والے طلباء کے انتخاب میں شفافیت اور میرٹ کو اولین ترجیح دینے اور پورٹل کے ذریعے درخواستوں کی اسکروٹنی کے دوران سلیکشن کے معیار پر پورا نہ اترنے والے طلباء و طالبات کی شکایات کے اذالے کیلئے کمیٹی بنانے کی ہدایت دے دی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس کی زرعی شعبے میں ترقی بے مثال ہے، اپنے دورہ چین کے دوران چینی قیادت سے زرعی شعبے میں پاکستانی طلباء کی جدید تربیت کی درخواست کی تھی۔
انکا کہنا تھا کہ پاکستانی طلباء و طالبات کی چین میں جدید زرعی تربیت کا پورا خرچ حکومت پاکستان اٹھائے گی، اللہ کے فضل و کرم سے بہت جلد طلباء و طالبات کا پہلا بیچ زراعت کے شعبے میں جدید تربیت کیلئے چین روانہ ہوگا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ زرعی شعبے کی جدید تربیت کیلئے چین جانے والے طلباء و طالبات میں 10 فیصد خصوصی کوٹہ بلوچستان کے طلباء کیلئے مختص کیا گیا، چینی قیادت اور چینی یونیورسٹیوں کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے پاکستانی طلباء کو چین میں زراعت کی جدید تربیت کا موقع دیا۔
واضح رہے کہ اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔



















