اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستانی نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں سے پوری دنیا میں ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے اسنوکر چیمپئین محمد آصف نے ملاقات کی جس دوران وزیرِ اعظم نے محمد آصف کو حال ہی میں سری لنکا میں منعقدہ سارک اسنوکر چیمپئمن شپ جیتنے پر مبارک باد پیش کی۔
وزیرِ اعظم نے محمد آصف کو 25 لاکھ روپے کا انعامی چیک پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اسنوکر کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا، پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ تین مرتبہ ورلڈ ایمیچیور اسنوکر چیمپئمن شپ اور تین مرتبہ سارک اسنوکر چیمپئن شپ جیت کر آپ نے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور پاکستان کا نام روشن کیا۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ حکومت، پاکستانی کھلاڑیوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔
محمد آصف نے وزیرِ اعظم کی جانب سے قومی سطح پر پزیرائی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی سرپرستی کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور میرے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ وزیرِ اعظم نے میری پذیرائی کی۔
وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو محمد آصف کے ساتھ مل کر ملک میں اسنوکر کے مزید کھلاڑیوں کی تربیت کے لئے اقدامات کی ہدایت جاری کی تاکہ نوجوانوں میں اس کھیل کو مزید فروغ ملے۔



















