اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں نے ہمیشہ نوجوانوں کی ترقی و بہبود پر توجہ دی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دولت مشترکہ ایشیایوتھ الائنس کی تقریب میں شرکت کی۔
انہوں نے قومی یوتھ کونسل کے ارکان سے حلف لیا اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دولت مشترکہ ایشیا یوتھ الائنس سمٹ کی میزبانی پر خوشی ہے، حکومت اور عوام کی طرف سے شرکاء کو خوش آمدید کہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دولت مشترکہ کا بانی رکن ہے، دولت مشترکہ رکن ملکوں میں شراکت داری کا پلیٹ فارم ہے، دولت مشترکہ کے رکن ملکوں کی 60 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دولت مشترکہ ممالک کا مستقبل نوجوانوں پر منحصر ہے، ہمیں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے، نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور فنی تعلیم سے آراستہ کرنا ہے۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ نوجوان پُرامن اور خوشحال مستقبل کی ضمانت ہیں، پاکستان کی 70 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر ہے، ہمیں نوجوانوں کی صلاحیتوں کا ادراک ہے، نوجوان تبدیلی کی نوید ہیں، قومی ترقی میں ان کا کردار بڑھانا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ نوجوانوں کی ترقی و بہبود پر توجہ دی، نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے حوالے سے اقدامات اٹھائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوتھ پروگرام نوجوانوں کی ترقی و بہبود کا فلیگ شپ پروگرام ہے، نوجوانوں کی بہبود و ترقی کے حوالے سے وفاق نے متعدد منصوبے شروع کیے۔



















