لاہور: جلو پارک میں جان بوجھ کر شیر کا پنجرہ کھولنے والے ملزم کو محکمہ وائلڈ لائف کو گرفتار کرلیا۔
لاہور میں جان بوجھ کر شیر کا پنجرہ کھولنے پر محکمہ وائلڈ لائف پنجاب نے سخت ایکشن لیتے ہوئے جلو پارک میں تعینات ملازم شریف مسیح کو حراست میں لے لیا۔
ملازم کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ محکمانہ انکوائری کا آغاز بھی کردیا گیا ہے جس کے لیے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
انکوائری کمیٹی میں ڈائریکٹرلاہور چڑیا گھر، ڈی ڈی وائلڈ لائف اور ویٹرنری آفیسر سفاری پارک شامل ہوں گے جب کہ 12 گھنٹوں میں انکوائری مکمل کی جائے گی۔
واضح رہے کہ شیر کے پنجرے سے باہر آنے پر تعینات عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شیر کو بےہوش کرکے واپس پنجرے میں منتقل کردیا ہے۔
دوسری جانب بروقت کارروائی اور شیر کو واپس منتقل کرنے پر وائلڈلائف ٹیم کو سراہا گیا ہے۔



















