وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے یومِ یکجہتی کشمیر پر خصوصی پیغام جاری کیے ہیں۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز
وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز نے یومِ یکجہتی کشمیر پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہر پاکستانی کے دل میں کشمیر کی محبتِ لہو بن کر دوڑتی ہے، جانوں کا نذرانہ دے کر حقِ خودارادیت کی شمع روشن رکھنے والےکشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت-
مریم نواز نے کہا کہ سلام ان کشمیری بہن بھائیوں کو جو سات دہائیوں سے بھارتی سفاکیت کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں، بھارتی بربریت نے جنت نظیر وادی کو جیل بنا دیا ہے-
وزیرِاعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی ادارے کشمیر میں جاری خونریزی اور انسانی حقوق کی پامال کے خلاف اپنا کردار ادا کریں، جب تک مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں ہوتا، پائیدار امن ایک خواب ہی رہے گا۔
مریم نواز کا یہ بھی کہنا تھا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ظلم کبھی زیادہ دیر نہیں ٹھہرتا،کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پاکستان کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت ہر محاذ پرجاری رکھے گی۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب نے مزید یہ بھی کہا کہ ہر عالمی فورم پر کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے، کشمیری عوام آزادی کا سورج جلد دیکھیں گے۔
وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف و انسانی حقوق، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ
وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف و انسانی حقوق، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر کے عوام کی حقِ خودارادیت کے لیے جاری جدوجہد کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتی ہے۔
وزیرقانون نے کہا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے جبر و استبداد کا سامنا کر رہے ہیں، کشمیری عوام کا عزم اور حوصلہ بدستور غیر متزلزل ہے،مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔
اعظم نذیر تارڑ کا یہ بھی کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں شہری منظم ریاستی جبر اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا شکار ہیں، پاکستان کشمیری عوام کے حقوق کے تحفظ اور ان کے جائز مطالبات کے حق میں آواز بلند کرتا رہے گا۔
وزیرقانون نے کہا کہ حقِ خودارادیت کوئی رعایت نہیں بلکہ ایک تسلیم شدہ بنیادی انسانی حق ہے، کسی بھی جبر و طاقت کے ذریعے آزادی کی جدوجہد کو ہمیشہ کے لیے دبایا نہیں جا سکتا، عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی خاموشی توڑ کر مظلوم کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کرے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن ہم نہتے اور مظلوم کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کا عہد کرتے ہیں۔
عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، کشمیر کے بہادر جوانوں، ماﺅں اور بہنوں کی لازوال قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کشمیریوں کا خون مقدس خون ہے، کشمیری عوام اپنے حق کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں، کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت ملنا چاہئے۔
عطاءاللہ تارڑ کا یہ بھی کہنا تھا کہ کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کا خاتمہ ہونا چاہئے، پاکستان کے عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ہمیشہ ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔
گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری
یوم یکجہتی کشمیر پر گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ حق خود ارادیت بین الاقوامی قانون کا بنیادی اصول ہے، عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر ہر صورت حل کرنا ہوگا، بھارت کو ظالمانہ قوانین کو منسو خ کرنا ہوگا۔
گورنرسندھ کا یہ بھی کہنا تھا کہ 1947سے جاری کشمیری بہن بھائیوں پر مظالم کی دنیا میں نظیر نہیں ملتی، آج بھی ہزاروں کشمیری ماورائے عدالت قتل کئے جارہے ہیں، نت نئے طریقوں سے کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔
کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ بھارتی مظالم کے باوجود کشمیری بھائیوں کا جذبہ حریت بڑھ رہا ہے، جموں و کشمیر کا منصفانہ حل ہماری خارجہ پالیسی کا کلید ستون رہے گا، مسئلہ کشمیر کا واحد حل آزادانہ استصواب رائے ہے۔
گورنرسندھ کشمیریوں سے محبت ہمارے خون میں شامل ہے، کشمیری بھائیوں کی سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رہے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یوم یکجہتی کشمیر پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو سلام پیش کرتے ہیں۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ہم کشمیریوں پر سالوں سے جاری بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں، اقوام متحدہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے میں کردار ادا کرے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا یہ بھی کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، ہم ہر فورم پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے، کشمیر کا مقدمہ ہر سطح پر اٹھائیں گے۔
سید مراد علی شاہنے مزید یہ بھی کہا کہ حکومت سندھ کشمیری عوام کی حمایت میں ہر ممکن اقدام کرے گی، سندھ بھر میں کشمیر کے حق میں تقریبات اور ریلیوں کا انعقادکیا گیا ہے، کشمیریوں کی لازوال جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔



















