Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حکومت کی جانب سے وزیر اعظم رمضان پیکیج پر عمل درآمد کی حکمت عملی تیار

اسلام آباد: حکومت نے وزیر اعظم رمضان پیکیج پر عمل درآمد کی حکمت عملی تیار کرلی۔

وزیر اعظم رمضان پیکیج کے تحت شہریوں کو مختلف اشیاء پر 10 ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی، مجموعی طور پر 1 کروڑ 60 لاکھ افراد رمضان پیکیج سے مستفید ہوں گے۔

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے رجسٹرڈ ایک کروڑ 50 لاکھ صارفین رمضان پیکیج سے فائدہ اٹھائیں گے جب کہ 10 لاکھ عام شہریوں کو رمضان پیکیج کے تحت سستی اشیا فراہم کی جائیں گی۔

دستاویز کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت رواں سال 12 لاکھ اضافی شہریوں کو رمضان پیکیج ملے گا، حکومت ملک بھر میں 800 موبائل یوٹیلٹی اسٹورز قائم کرے گی اور پورے ملک میں 300 آٹا سیل پوائنٹس قائم کیے جائیں گے۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ موبائل یوٹیلٹی اسٹورز اور آٹا سیل پوائنٹ یکم سے 30 رمضان تک آپریشنل رہیں گے، موبائل یوٹیلٹی اسٹورز اور آٹا سیل پوائنٹ کی لوکیشن معلوم کرنے کے لیے موبائل ایپلیکشن تیار کی گئی ہے۔

دستاویز میں کہا گیا ہے کہ لوکیشن معلوم کرنے کے لیے صارفین کو موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگی، بی آئی ایس پی اور نادرا سے صارفین کی تصدیق کی جائے گی۔

دستاویز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ویئر ہاؤسز اور پوائنٹ آف سیل پر مانیٹرنگ کا سخت نظام ہوگا اور تمام یوٹیلٹی اسٹورز پر کیمروں کے ذریعے لائیو اسٹریمنگ کا نظام نصب ہوگا۔

دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن ہیڈ آفس میں مانیٹرنگ سیل قائم کیا جائے گا جب کہ شہریوں کی شکایات سننے کے لیے دس ٹول فری فون لائن موجود ہوں گی، وزارت صنعت و پیداوار میں بھی مانیٹرنگ سیل قائم ہوگا۔

متعلقہ خبریں