چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے سعودی عرب کا سرکاری دورہ کیا اور 8 ویں پاک سعودی مشترکہ فوجی تعاون کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس دورے کے دوران، جنرل ساحر شمشاد مرزا نے سعودی عرب کے معاون وزیر دفاع عبداللہ العطیبی اور سعودی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض حامد الرویلی سے اہم ملاقاتیں کیں۔
پاک سعودی عسکری قیادت کے درمیان ان ملاقاتوں میں سٹریٹیجک اور سلامتی امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور دو طرفہ دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کی اہمیت اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ اس موقع پر جنرل ساحر شمشاد مرزا نے سعودی عسکری قیادت کے ساتھ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان عسکری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا، اور اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کی فوجوں کے درمیان تعاون، خطے میں امن اور استحکام کے لیے اہم ہے۔



















