رینجرز ٹریننگ سینٹر اینڈ اسکول کراچی میں رینجرز ریکروٹس کی 32 ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کور کمانڈر کراچی، لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر نے مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی۔
تقریب میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے ڈائریکٹر جنرل، میجر جنرل محمد شمریز نے کور کمانڈر کا استقبال کیا۔

مہمانِ خصوصی لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر نے پریڈ میں شریک ریکروٹس کو سلامی پیش کرنے والے چاک و چوبند دستوں کی شجاعت اور عزم کی تعریف کی۔

اس دوران، اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریکروٹس میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔

اپنے خطاب میں، کور کمانڈر کراچی نے کہا، “آج کی پریڈ کا اعلیٰ معیار دیکھ کر مجھے دلی خوشی ہوئی ہے۔

انہوں نے پریڈ کے شرکاء اور ان کے اہل خانہ کو کامیاب ٹریننگ مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ یہ دن ان کے مستقبل میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔

لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر نے پاکستان رینجرز (سندھ) کی شجاعت اور پروفیشنلزم کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ فورس بین الاقوامی سرحد کی حفاظت، کراچی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز، اور مختلف قومی و صوبائی سطح کی تقریبات میں موثر سیکیورٹی فراہم کرنے کے حوالے سے جانی جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے دشمنوں نے ملک میں اندرونی خلفشار پیدا کرنے کے لیے ہائیبرڈ وار اور فِفتھ جنریشن وار کا سہارا لیا ہے، اور پاکستان رینجرز (سندھ) نے اس چیلنج کا مقابلہ کرتے ہوئے کراچی سمیت پورے سندھ میں امن کی بحالی میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

پاکستان رینجرز (سندھ) نے مختلف آپریشنز کے ذریعے بڑی مقدار میں ہتھیار، گولہ بارود اور ایمونیشن برآمد کیا اور کئی جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کیا۔

پاکستان رینجرز (سندھ) نے خصوصی آپریشنز میں کلیدی کردار ادا کیا، جن میں کچے کے علاقے میں آپریشن، اسمگلنگ کی روک تھام، مردم شماری، مذہبی تقریبات، اور دیگر اہم قومی و بین الاقوامی سرگرمیاں شامل ہیں۔

اس موقع پر تقریب میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ افسران، مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے معزز مہمان اور پاس آؤٹ ہونے والے ریکروٹس کے اہل خانہ بھی موجود تھے۔

پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمل اسکواڈ نے پریڈ میں عملی مظاہرہ پیش کیا، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔



















