وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے پاکستان آذربائیجان بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کا ذکر کیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کی قیادت کے درمیان تعمیری بات چیت ہوئی ہے۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو مزید فروغ دیا جائے گا اور سرمایہ کاری کے معاہدوں کو حتمی شکل دینے پر اتفاق ہوا ہے۔
وزیراعظم نے دفاعی پیداوار کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم مختلف شعبوں میں تعاون پر آذربائیجان کی قیادت کے مشکور ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان معاشی سرگرمیاں استحکام کا باعث بنیں گی، جو دونوں ممالک کی معیشت کو مزید مضبوط کریں گی۔
انہوں نے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاروں کو بہترین مواقع اور سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
وزیراعظم نے نارتھ ساؤتھ راہداری منصوبے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ یہ راہداری کاروباری سرگرمیوں میں معاون ثابت ہوگی اور مستقبل میں گیم چینجر ثابت ہو گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سرمایہ کاروں کو تجارتی سہولتوں کے فوائد سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور دونوں ملکوں کی تاجر برادری کو پُرکشش مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تجارتی تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں اور ان تعلقات کے مزید فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔



















