وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز نوجوان نسل کے لیے ایک امید اور ایک آس بن کر آئی ہیں۔
وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پنجاب حکومت نے ایک سال میں کامیابیوں کے ریکارڈ قائم کیے ہیں، مریم نواز نے سیاست کو خدمت میں تبدیل کرکے نیا ٹرینڈ متعارف کروایا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایک طرف مریم نواز عوامی خدمت کے ریکارڈ بنارہی، دوسری طرف مخالفین زبان درازی کے ریکارڈ بنارہے ہیں۔
وزیراطلاعات پنجاب نے یہ بھی کہا کہ 76سالہ تاریخ میں کسی حکومت نے اتنے منصوبے نہیں شروع کیے جتنے مریم نواز نے 1سال میں مکمل کردیے، پاکستان کے نوجوانوں کو الیکٹرک بائیکس، اسکالرشپ، لیب ٹاپ اور آسان کاروبار کے لیے قرض چاہیے۔
عظمی بخاری کا یہ بھی کہنا تھا کہ نوجوانوں کو پیٹرول بم، غلیلیں اور کیلوں والے ڈنڈے نہیں چاہیے، نوجوان نسل کو شعور آچکا، اس نے جلاﺅ گھیراﺅ اور مار دھاڑ کی سیاست کو مسترد کردیا۔
وزیراطلاعات پنجاب نے مزید یہ بھی کہا کہ ایک ماں ہمیشہ اپنے بچوں کو آگے بڑھتا ہوا اور ترقی کرتا ہوا دیکھنا چاہتی، کوئی ماں اپنے بچوں کو حوالات اور جیلوں میں نہیں دیکھنا چاہتی۔



















