Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیرِ اعظم دو روزہ دورہ ازبکستان مکمل کرکے تاشقند سے اسلام آباد روانہ

اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اپنا دو روزہ سرکاری دورہ ازبکستان مکمل کرکے تاشقند سے اسلام آباد روانہ ہوگئے۔

ازبکستان کے وزیرِ اعظم عبداللہ عاریپوف، ازبک وزیرِ خارجہ بختیار سیدوف، تاشقند کے میئر شوکت عمرزاکوف، ازبکستان کے پاکستان میں سفیر علی شیر تختائیف اور پاکستان کے ازبکستان میں سفیر احمد فاروق سمیت اعلی سفارتی و سرکاری اہلکاروں نے وزیرِ اعظم کو تاشقند سے الوداع کیا۔

تاشقند ہوائی اڈے پر وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کو الوداع کہنے کے لئے ازبک مسلح افواج کا چاک و چوبند دستہ بھی موجود تھا۔

وزیرِ اعظم نے ازبکستان میں یادگار آزادی کا دورہ کیا اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ وزیرِ اعظم نے ازبکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور صدر شوکت مرزیایوف کے ازبکستان کی ترقی کے ویژن کی تعریف کی۔

وزیرِ اعظم نے اپنے دورے کے دوران ازبک صدر عزت مآب شوکت مرزیایوف سے دوطرفہ ملاقات ہوئی جس کے بعد دونوں ممالک کے وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں ازبکستان اور پاکستان کے مابین تجارت کے حجم کو 2 ارب ڈالر تک پہنچانے، علاقائی روابط کے فروغ کے لئے ازبکستان-افغانستان-پاکستان ریلوے منصوبے پر عملدرآمد پر اتفاق ہوا جب کہ دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں کا بھی تبادلہ ہوا۔

وزیرِ اعظم اور ازبک صدر شوکت مرزیایوف نے مشترکہ پریس کانفرنس میں پاکستان اور ازبکستان کے تاریخی برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے مزید فروغ پر زور دیا۔

علاوہ ازیں وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد نے صدر شوکت مرزیایوف کی جانب سے ظہرانے میں بھی شرکت کی۔

متعلقہ خبریں