وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے خواتین کے عالمی دن پر پیغام جاری کیے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خواتین کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آج ہر بیٹی، بہن اور ماں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں، عورت محض فرد نہیں، نسل کی معمار ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ اسلام میں عورت کو پہلی بار بے مثال عزت واحترام اور حقوقِ دیے گئے، نبی کریم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے بیٹی کی عزت و تکریم کی لازوال مثال قائم کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ خواتین کو تعلیم روزگار اور ترقی کے مساوی مواقع ناگزیر ہیں، خاتون وزیر اعلیٰ بن کر ہر بہن اور بیٹی کی کامیابیوں کا سوچتی ہوں، تعلیم یافتہ اور بااختیار خواتین ہی روشن اور خوشحال پنجاب کی ضمانت ہیں۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ پنجاب کے متعدد ڈویژن اور ڈسٹرکٹ میں خواتین آفیسر کی تعیناتی وویمن ایمپاورمنٹ کا منہ بولتا ثبوت ہیں، خواتین پو لیس اور دیگر محکموں میں محنت اور لگن سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہیں، بیٹیوں کو آگے بڑھتا دیکھ کر دلی خوشی ہوتی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ بھی کہنا تھا کہ خواتین اور بچے ’’ریڈ لائن‘‘ ہیں، یہی میرا وژن ہے، خواتین کے خلاف کسی بھی قسم کے امتیاز ی سلوک یا ناانصافی کی گنجائش نہیں، خواتین کو یقینی قانونی تحفظ کے لیے پنجاب میں ورچوئل پولیس اسٹیشن قائم کیا، ویمن ہیلپ لائن اور پینک بٹن پراجیکٹ کے ذریعے خواتین کے تحفظ کو مزید کو یقینی بنایا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ سیف سٹی اتھارٹی میں ورکنگ وویمن کے لیے ہاسٹل بنایا گیا، مزید بھی بنائیں گے، خواتین کی آسانی کے لیے ای بائیکس اسکیم شروع کی گئی ہے، مزید بائیکس بھی دیں گے، ہونہار اسکالر شپ پروگرام میں طالبات کو میرٹ پر 60 فیصد وظائف دیے گئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اضلاع میں بھی ورکنگ ویمن کےلیے محفوظ ماحول اور مساوی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں، پنجاب بھر میں 16 ورکنگ وویمن ہاسٹل قائم کیے گئے ہیں، ورک وویمن کےلیے 307 ڈے کئیر سینٹر سے 9541 خاندان مستفید ہورہے ہیں۔
مریم نوازنے یہ بھی کہا کہ پنجاب دھی رانی پروگرام کے تحت نادار بچیوں کی اجتماعی شادیاں کرائی جارہی ہیں، سرکاری یونیورسٹیوں میں 18 وویمن ڈویلپمنٹ سینٹر قائم کیے گئے ہیں، نادار اقلیتی بہنوں کو بھی مینارٹی کارڈ کے ذریعے سہ ماہی مالی امداد دی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب میں لائیو اسٹاک پروگرام سے دیہی خواتین کومعاشی خود مختاری کی راہ پر گامزن کیا جارہا ہے، آسان کاروبار فنانس اور آسان کاروبار کارڈ پروگرام میں بھی خواتین انٹر پرینیور کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں، اپنی چھت اپنا گھر اسکیم میں خواتین کو اپنا گھر بنانے کے لیے بلا سود آسان اقساط پر قرض دیے جا رہے ہیں-
مریم نوازنے کہا کہ وہ وقت نہیں بھول سکتی خاتون کا گھر بنتا دیکھ کر خوشی سے آنکھیں بھیگ گئیں، پنک گیمز کے انعقاد سے سپورٹس کے مواقع فراہم کر رہے ہیں، لیپ ٹاپ اسکیم سے طالبات کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کر رہے ہیں، عزم ہے کہ پنجاب کی ہر خاتون کو وہ عزت، تحفظ، اور مواقع فراہم کیے جائیں جن کی وہ حقدار ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید یہ بھی کہا کہ ایسا پنجاب بنا رہے ہیں جہاں خواتین کے خلاف کسی بھی قسم کے تعصب، اور بد نیتی کی کوئی جگہ نہیں ہوگی، مریم نواز شریف ہر قدم پر پنجاب کی خواتین کے ساتھ کھڑی ہے، میں آپ کی محافظ بھی اور آپ کی طاقت بھی، میری بیٹیاں، میری بہنیں! آپ کا تحفظ، عزت، اور خوشحالی میری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے خواتین کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کا عالمی دن مساوات، حقوق اور انصاف کی جدوجہد کی علامت ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ کی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، سندھ حکومت خواتین کو ہر شعبے میں بااختیار بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
مراد علی شاہ نے کا کہنا تھا کہ ترقی کا سفر خواتین کی شمولیت کے بغیر ممکن نہیں، پاکستان کی پہلی پنک بس سروس خواتین کے وقار اور سہولت کے لیے ایک سنگ میل ہے، سندھ حکومت نے خواتین کے لیے الیکٹرک بائیک اسکیم شروع کی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ تعلیم اور صحت میں خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، پاکستان کی خواتین نے ہمیشہ قومی ترقی اور جمہوریت کی بحالی میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔
مراد علی شاہ نے یہ بھی کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح، بیگم نصرت بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو جدوجہد، قیادت اور مستحکم ریاست کی درخشاں علامت ہیں، پیپلز پارٹی نے خواتین کے حقوق کے تحفظ اور شمولیت کے لیے اہم قانون سازی کی ہے، معاشی، سماجی اور سیاسی ترقی میں خواتین کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید یہ بھی کہا کہ مضبوط اور خودمختار خواتین، مستحکم اور خوشحال پاکستان کی ضمانت ہیں، ہماری حکومت خواتین کے لیے مزید روزگار، تحفظ اور ترقی کے اقدامات کر رہی ہے۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن خواتین کی صلاحیتوں اورمعاشرے کے لیے خدمات کو تسلیم کرنے کا دن ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو زمانہ جاہلیت میں اس وقت حقوق دیے جب بیٹیوں کو پیدا ہوتے ہی زندہ دفن کر دیا جاتا تھا۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو پاکستان اور اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بنیں، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے خواتین کے لیے عزم اور ہمت کی ایک مثال قائم کی۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستانی خواتین زندگی کے ہر شعبے میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کر کے ملک کی ترقی میں اہم۔کردار ادا کر رہی ہیں۔
سردار سلیم حیدر خان نے مزید یہ بھی خواتین کو معاشرے میں ترقی کے مساوی مواقع دے کر ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں خواتین کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے، خواتین کو بااختیار بنائے بغیر ایک مضبوط اور خوشحال معاشرے کا قیام ممکن نہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو عزت، وقار اور حقوق دیے ہیں اور ہر قسم کے صنفی امتیاز کی مخالفت کی ہے، خواتین کو زندگی کے تمام شعبوں میں مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ تعلیم، صحت، معیشت، سیاست اور دیگر سماجی شعبوں میں خواتین کی شرکت اور قیادت کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، محترمہ بینظیر بھٹو شہید نہ صرف پاکستان بلکہ پوری مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم تھیں، تحریکِ پاکستان کے دوران خواتین نے تاریخی کردار ادا کیا ۔
چیئرمین سینیٹ نے محترمہ فاطمہ جناح، بیگم رعنا لیاقت علی خان اور دیگر خواتین رہنماؤں کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ گواہ ہے کہ خواتین نے ہر دور میں قومی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، ملک کی خوشحالی اور استحکام میں بھرپور حصہ لے رہی ہیں۔



















