Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شاندار رمضان پیکیج قابل تعریف ہے، فی خاندان 5 ہزار روپے ملیں گے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جامع اور شاندار رمضان پیکیج قابل تعریف ہے، رمضان پیکیج کے تحت فی خاندان 5 ہزار روپے ملیں گے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے نیشنل ٹیلی کام ہیڈکوآرٹر کا دورہ کیا اور رمضان 2025 کے مانیٹرنگ نظام کا جائزہ لیا، تاہم حکام نے ڈیجیٹل والٹ سے رمضان المبارک کے دوران فی خاندان 5 ہزارروپے ادائیگی پر وزیراعظم کو بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام کی تکمیل کے لیے کام پر مبارکباد دیتا ہوں، فی خاندان 5 ہزار روپے ملیں گے، لوگ اپنی ضرورت کے مطابق چیزیں خرید سکیں گے، پروگرام سے 40 لاکھ خاندانوں کو فائدہ پہنچے گا، پہلی بار ہوا شفاف طریقے سے پروگرام پائے تکمیل کو پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح وبہبود ہماری ترجیح ہے، رمضان پیکیج 20 ارب روپے بذریعہ ڈیجیٹل والٹ دیا جائے گا، مستحق خاندان 9999 پر کال کریں اور پیکیج کی معلومات حاصل کریں، یہ آپ کاحق ہے احسان نہیں، بغیر رکاوٹ کے پیسے منتقل ہوجائیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ جدید نظام سے کرپشن کا خاتمہ ہوگیا، عوام کا پیسہ کرپشن کی نذر ہورہا تھا، پروگرام سے 2 کروڑ افراد مستفید ہوں گے، غیرمعیاری چیزوں، کرپشن کا خاتمہ کردیا گیا، 20 ارب روپے کی لاگت سےاس پروگرام کا اجرا کیا گیا، پہلی بار نہ لائنیں لگیں اور نہ شکایات آئیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ بینکوں، آئی ٹی کمپنیوں نے مل کر چیلنج قبول کیا، کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلانے والوں کی مدد کرنا نیک کام ہے، یوٹیلٹی اسٹورز کی بدترین کرپشن کی کہانیاں زبان زدعام تھیں۔

متعلقہ خبریں